پٹرول‘بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جمعہ کو احتجاج کرینگے:حافظ نعیم

آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگیاں جاری، غریب عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے‘سود کے ہوتے معیشت بہتر نہیں ہوگی
حکمران امریکی غلامی کا طوق پہنے ہوئے ہیں، نظام بدلنا ہوگا: امیر جماعت اسلامی  کی منصورہ میں پریس کانفرنس
لاہور(خصوصی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ یکم مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور مہنگی بجلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن شمسی توانائی (Solar) کی پالیسی اور پنجاب میں کسانوں کے استحصال کے خلاف بھی مظاہرے کرے گی۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سود کی لعنت کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ایک فیصد شرح سود میں اضافہ سے خزانہ پر پانچ سو ارب سے زائد کا بوجھ پڑ جاتا ہے، حکومت نے آئندہ برس کے آخر تک سود کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا، تاہم اعلانات اور وعدوں کے برعکس شرح سود میں اضافہ ہورہا ہے۔ نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عام شخص سے فی لیٹر پٹرول پر ایک سو سات روپے لیوی وصول کررہی ہے، بجلی کے بل میں جی ایس ٹی، نیلم جہلم سرچارج، فیول ایڈجسٹمنٹ، آئی پی پیز کی کیسپیسٹی چارجز اور دیگر ٹیکسز شامل کرے غریب آدمی کا خون نچوڑا جارہا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی گورننس صرف اشتہارات میں ہے، سالہا سال سے مسلط حکمرانوں نے آج تک ایک شعبہ بھی بہتر نہیں کیا، دعوے ایسے کرتے ہیں جیسا پورا پاکستان فتح کرلیا ہو۔