مہنگے پٹرول کیخلاف جمعہ کو ملک میں مظاہرے کئے جائیں گے: حافظ نعیم الرحمن

حکومت فی لٹر پٹرول پر لیوی اور ٹیکسوں کی مد میں عام آدمی سے 118روپے بھتہ وصول کررہی ہے
غیرملکی خواتین کے  اغوا کا مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے، حکومت آزاد کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے مذاکرات کرے 
لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف  دس جولائی کو ملک گیر دھرنوں اور مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے پاکستان کے پانیوں پر بھارتی جارحیت کے مسئلہ کو بھرپور طریقہ سے عالمی فورمز پر اٹھانے، ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پر کام کے فوری آغاز اور ایران سے باضابطہ تجارت کے آغاز کے مطالبات کیے۔ حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی خواتین کے اغوا اور ریپ کیس کا مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے اور حکومت فوری طور پر آزاد کشمیر مسئلہ کے حل کے لیے مذاکرات کی میز سجائے۔ انہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر حکمرانوں کوشدید تنقید کانشانہ بنایا اورکہا کہ گیس کے ذخائر کی نشاندہی کے باوجود گزشتہ بولی  میں انٹرنیشنل کمپنیوں کا شرکت نہ کرنا حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے، ایل پی جی دوسو اکتالیس روپے کلو حکومتی ریٹ کے برعکس پانچ سو روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ حکومت فی لیٹر پٹرول پر پٹرولیم لیوی اور ٹیکسوں کی مد میں عام آدمی سے ایک سو اٹھارہ روپے بھتہ وصول کررہی ہے،