ارکان اسمبلیوں کی تنخواہوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، ایسی صورتحال ہے غربت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت نہیں سوچ رہی
اسرائیل غزہ میں شکست کھا چکا ، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ، غزہ کی بحالی پر پاکستان کو بطور ریاست کردار ادا کرنا ہوگا : پریس کانفرنس
کراچی (آئی این پی )جماعت اسلامی نے متنازعہ پیکا ایکٹ کی مخالفت کر تے ہوئے آئی پی پیز کے معاملے پر 29 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متنازع پیکا ایکٹ کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کی جماعت نہیں چاہتی کہ آزادی صحافت پر حملہ ہو، صحافیوں کو وقت پر تنخواہیں ملنی چاہئیں، مہنگائی الانس ملنا چاہئیے، تنخواہوں میں اضافہ ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں شکست کھا چکا ہے، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود فلسطینی نہیں جھکے، یہ حماس، اہل غزہ اور وہاں کی مزاحمت کی فتح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اسرائیل کی شکت نہیں امریکا کی شکست ہے، امریکی ریاست کا ایک ایجنڈہ ہے، وہاں صدر تبدیل ہوا اس کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، اب عرب ممالک سمیت دیگر پر دبا آئے گا کہ اسرائیل کو تسلیم کریں۔حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں جلد کردار ادا کرنا چاہیے، ہم کسی سے کوئی تصادم نہیں چاہتے لیکن فلسطین کا معاملہ ایران کا معاملہ ہے، پاکستان ایک عقیدے کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے، دبائو سے نکلنے کیلئے لازمی ہے کہ تیزی سے مہم چلائی جائی، غزہ کی بحالی پر پاکستان کو بطور ریاست کردار ادا کرنا ہوگا۔