سستی بجلی کیلئے 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کرینگے:حافظ نعیم

آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بل کم کیوں نہیں ہو رہے، معاشی حالات خراب جا رہے ہیں 
بانی پی ٹی آئی کو رہا ہونا چاہیے آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں: امیر جماعت اسلامی 
 لاہور(خصوصی رپورٹر )جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے  آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بجلی کے بل کم کیوں نہیں ہو رہے۔اس بات کا اعلان امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے لاہور میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان اور اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بہتر ہونے کی خوشخبری وزیر اعظم تو دے رہے ہیں لیکن پیٹرول و کھانے پینے کی اشیا کیوں کم نہ ہوئیں، معاشی حالات بد سے بدترین ہوتے چلے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا  ملٹری کا کام ملٹری اور حکومت کا حکمرانی ہے وہ اپنا اپنا کام کرے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کوئی بھی قسم ہو قوم انہیں مسترد کر چکی ہے۔ کراچی کا معاملہ اسٹیبلشمنٹ نے قبضہ مافیا کو بٹھاکر خراب کیا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ کراچی کے معاملے کو خراب نہ کریں اور اسے درست سمت چلنے میں مکمل کرے۔ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں حکومت میں رہتے ہیں، دونوں ہی مراعات لیتے رہتے ہیں اور نورا کشتی کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن فوج و قوم کو نقصان پہنچاتا ہے، نوجوانوں کو سہولتیں دیں اور عوام کو ریلیف دیں۔ لوگوں کو روزگار نہیں دیں گے تو دہشت گردی پھیلے گی۔ فوجی آپریشن بلوچستان، کے پی یا کراچی میں کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بلوچستان و کے پی میں حکومتی سنجیدگی نظر نہیں آتی۔