تہران، نیویارک (آئی این پی ) ایران نے امریکا کی جانب سے ایرانی جہازوں کو قبضے میں لینے پر اقوامِ متحدہ سے احتجاج کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکریٹری جنرل یو این اور صدر سلامتی کونسل کو خط میں ایران نے ناکہ بندی کو بحری قزاقی قرار دیا ہے۔ ایران کے اقوامِ متحدہ میں سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایسا رویہ غیر قانونی جبر، بین الاقوامی تجارت میں مداخلت اور املاک کے غیر قانونی قبضے کے مترادف ہے۔ دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح اواج طویل جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دشمن کو جنگ شروع کرنے پر پچھتانا پڑے گا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی کے مطابق ترجمان ایرانی فوج بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہم نے جنگ کو ختم نہیں سمجھا، جس دن جنگ رکی اور میدان میں ایک طرح کی جنگ بندی یا خاموشی قائم ہوئی، اسی دن سے ہم نے امریکا اور دشمنوں پر عدم اعتماد کے باعث جنگی سطح کی تیاری کو جاری رکھا اور نئے اہداف کا تعین کرلیا گیا ہے۔