ایران سے لین دین میں ملوث 6کمپنیوں، متعدد بحری جہازوں پر پابندیاں عائد

  امریکی پابندیوں کا شکار اداروں میں 2پاکستانی اور بھارتی کمپنیاں بھی شامل،امریکی محکمہ خارجہ وخزانہ
 واشنگٹن (آئی این پی )امریکا نے ایران کی پٹرولیم اور پٹروکیمیکل مصنوعات کی فروخت اور ترسیل میں ملوث 6کمپنیوں اور متعدد بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، ان میں بھارت اور پاکستان میں قائم 2کمپنیاں بھی شامل ہیں، یہ اقدام تہران پر معاشی دبا ئوبڑھانے کے لیے جاری امریکی مہم کا حصہ ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول کی جانب سے اعلان کردہ ان پابندیوں کا ہدف ان شپنگ اور مینجمنٹ کمپنیوں کا ایک نیٹ ورک ہے، جن پر ایران کی جانب سے خاموشی سے تیل اور پٹروکیمیکل مصنوعات منتقل کرنے میں مدد دینے کا الزام ہے، یہ سب امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔جن کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں قائم ایس اے آئی صبوری کنسلٹنگ سروسز شامل ہے، جو دو ایل پی جی ٹینکروں بیٹیلیور اور نیل کی کمرشل مینیجر تھی۔لاہور میں قائم الائنس انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ پر بھی ایران کے ساتھ تیل کی تجارت میں ملوث ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے، یہ کمپنی پہلے بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آ چکی ہے۔امریکی پابندیوں کا نشانہ بننے والے دیگر اداروں میں متحدہ عرب امارات، ایران اور پاناما میں قائم کمپنیاں اور ان کے زیرِ انتظام بحری جہاز بھی شامل ہیں۔