امریکہ نے آئل ٹینکرز پر حملے کی ویڈیو جاری کردی‘ اردن کے الازرق میں واقع امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایاگیا:پاسداران انقلاب
آبنائے ہرمز میں ایرانی نگرانی نظام مکمل فعال ہے ،بحری جہازوں کیخلاف کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا:ایرانی عسکری قیادت
تہران،فلوریڈا(آئی این پی )ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے 5 ایرانی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد میزائل داغنے کا دعوی کیا ہے جس سے خطے میں جاری کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج فارس میں 20 بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ بحریہ نے خلیج فارس میں 2 امریکی بحری جہازوں اور 8 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے، آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے مزید 10 بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ جہاز آبنائے ہرمز کے ایک ممنوع اور غیر محفوظ راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے یہ حملہ ایرانی آئل ٹینکروں پر امریکی حملوں کے جواب میں کیا گیا، امریکا سے انتقام لیتے ہوئے دشمن کو غیر معمولی نقصان پہنچایا گیا ہے۔دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے امریکا کے آئل ٹینکرز پر حملے کے بعد اردن کے الازرق میں واقع امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے‘۔اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہاز تباہ کردئیے ہیں۔سینٹکام کے مطابق کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے 2 روز کے دوران امریکی بحری جنگی جہاز کو 2 مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے بعد کی گئی ۔ایرانی عسکری قیادت نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کا سخت جواب دیا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی نگرانی کے نظام کو مکمل طور پر فعال قرار دیا گیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف علی عبداللہی نے واضح کیا کہ ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر ایرانی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔