اسلام آباد: اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس کا اعلان
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ آج وزارتِ خارجہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ یہ پریس کانفرنس سیکیورٹی اور دہشت گردی سے متعلق حالیہ انکشافات کے تناظر میں خاصی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم پریس بریفنگ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروانے اور ٹیرر فنانسنگ میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی دہشت گرد عبدالمجید کو جہلم بس اسٹینڈ سے گرفتار کیا گیا، جس کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے دوران بھارتی فوجی افسران کی واٹس ایپ چیٹس اور وائس میسیجز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آج کی پریس کانفرنس میں ان تمام معاملات پر مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی، جبکہ بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھنے کے لیے آئندہ کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔