نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار: بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، ہم الرٹ ہیں

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار: بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، ہم الرٹ ہیں

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اسلام آباد میں "علاقائی مکالمہ 2025" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماضی کی جارحیت کو فوراً ناکام بنانے میں کامیاب رہا اور بھارت کو بھرپور جواب دینے کے لئے الرٹ ہے۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ منسوخ نہیں کر سکتا اور ایسا اقدام اعلان جنگ کے مترادف ہوگا۔ اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث نہیں تھا اور بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے اپنے حصے کا پانی محفوظ رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا اور کہا کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ سینیٹر اسحٰق ڈار نے بھارتی فضائیہ کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی طیاروں کو بھی پاکستانی فضائیہ کی جانب سے اسی کی زبان میں جواب دیا گیا تھا، اور انہیں واپس بھاگنے پر مجبور کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کی حمایت کرتا آیا ہے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل کے اثرات کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں یو این قراردادوں کی خلاف ورزیاں اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ پہلگام حملے میں بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کیا گیا تاکہ ملک میں جاری تحریکوں سے عالمی توجہ ہٹائی جا سکے، اور بھارت کے اقدامات خطے اور دنیا کے امن کے لئے ایک سنگین خطرہ ہیں۔