ویب ڈیسک: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جعفر ایکسپریس واقعے میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے، اور پاکستان بھارتی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلیم حیدر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردوں کو بھارتی مالی معاونت کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کی صلاحیتوں سے مودی خوفزدہ ہے، بھارتی فوج پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور "اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا"۔سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر ملک کی بقاء کی جنگ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گی۔