بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد / ویب ڈیسک : ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ترکیہ کی انادولو ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان بھارتی تسلط کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اور ہر جارحیت کا تیز و شدید ردعمل دے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ:بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا، بلکہ جبر کے ذریعے اسے اندرونی مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ "ہم ایک امن پسند قوم ہیں، لیکن اگر بھارت نے ہمیں اکسایا یا حملہ کیا، تو ہمارا ردعمل تیز، واضح اور وحشیانہ ہوگا۔ بھارت امریکہ نہیں، اور پاکستان افغانستان نہیں ہے۔"ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں جاری دہشتگردی کے تناظر میں کہا کہ:پاکستان اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے۔
جنوری 2024 سے اب تک 3700 سے زائد دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں، جن میں 3896 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 1314 شہید اور 2500 سے زائد افراد معذور ہو چکے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس تمام دہشتگردی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھارت کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا:جعفر ایکسپریس حملے کی ذمہ داری لینے والی بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے کھلے عام بھارت سے فوجی مدد مانگی، جبکہ بھارتی سیاستدان، ریٹائرڈ جنرل اور رہنما بی ایل اے کی حمایت میں بیانات دیتے رہے۔
بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا لیکن کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ:حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں سے 3 رافیل طیارے تھے، مگر بھارت اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بھارت کو جتنا جلدی یہ بات سمجھ آجائے کہ پاکستان دباؤ میں نہیں آئے گا، اتنا ہی یہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے بہتر ہو گا۔