بھارتی آبی جارحیت، کسان لیگ کا 4 مئی کو مارچ کا اعلان

 ہزاروں کسان واہگہ عبور کر کے بھارتی ڈیموں کو توڑآئیں گے :رہنمائوں کی پریس کانفرنس
لاہور ( ہ )بھارتی آبی جارحیت کیخلاف مرکزی کسان لیگ نے اتوار 4 مئی کو مال روڈ پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا مودی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کر دی، پاکستان کے کسان دفاع وطن کے لئے جنگ لڑنے کو تیار ہیں،وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے، مارچ میں ہزار وں کسان شریک ہو کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعلان کریں گے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین ذوالفقار علی اولکھ،صدر محمد اشفاق ورک، مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی، مرکزی کسان بورڈ کے رہنما اختر فاروق میو، ترجمان تابش قیوم نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا پہلگام ڈرامے کے بعد مودی نے سب سے پہلا وار کسانوں پر کیا، سندھ طاس معاہدہ توڑنے کی بات کی گئی،پانی زندگی ہے، مودی نے کسان کی گردن پر وار کیا، اب پاکستان کے کسان ایک ہو چکے، پاکستانی زمینوں کو بنجر نہیں ہونے دیں گے، ضرورت پڑی تو ہزاروں کسان ٹریکٹر لے کر واہگہ عبور کر کے بھارتی ڈیموں کو توڑآئیں گے ، ہم اپنی نسلوں کو بچانے کے لئے نکلیں گے،مسئلہ صرف کسان کا نہیں پوری قوم کا ہے۔