بھارتی آبی جارحیت انتہائی قابل مذمت، قوم متحد ہے : ایاز صادق

سیلاب متاثرین کی مدد قومی فریضہ ہے ‘ پاک فوج اور عوام شانہ بشانہ سرگرم ہیں :سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (آن لائن)  سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے جاری آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، لیکن پوری دنیا پر اب مودی کی حقیقت آشکار ہو چکی ہے۔ ا پنے ایک  بیان میں انہوں نے کہا  دس مئی کو پاکستانی مسلح افواج اور قوم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ ہم دنیا کی ایک عظیم قوم ہیں ۔ اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف بھی پوری قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک فوج، ریسکیو ادارے اور عوام متاثرہ علاقوں میں مل کر سرگرم عمل ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کو اس مشکل وقت میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،  سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی ایک قومی فریضہ  ہے اور پوری قوم، بالخصوص نوجوانوں کو اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا