بھارتی آبی جارحیت کیخلاف ہر فورم پر جائیں گے: خواجہ آصف

 بھارت نے حملہ کیا تو مودی کو گھر پہنچا کر آئیں گے‘ہم مالیاتی اور عسکری طور پر مضبوط ہیں
بہار کے الیکشن تک مودی رولا ڈالے رکھے گا، پھر اپنی اوقات پر آجائے گا:نجی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا  ہے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے، اگر بھارت نے حملہ کیا تو مودی کو گھر پہنچا کر آئیں گے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  ہم مالیاتی طور پر مضبوط ہیں اور عسکری اعتبار سے بھی مضبوط ہیں، بالکل اطمینان رکھیں اللہ ہمارے ساتھ ، ہماری افواج ہرقسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا  خطرہ بدستور ہے، ہماری تیاریاں بالکل مکمل ہیں، ایک سیکنڈ کی بھی کمی نہیں، بھارت اور مقبوضہ کشمیر سے جو پانی آرہا ہے وہ معمول سے بہت کم ہے، پانی کی بندش کے معاملے پر فورم موجود ہے جہاں ہم جاکر بات کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا بہار کے الیکشن تک مودی رولا ڈالے رکھے گا، پھر اپنی اوقات پر آجائے گا، لیڈر شپ کے ساتھ وفادار ہونا چاہئے مگر ملک کے اوپر کوئی بات آئے تو لیڈر چھوڑ کر وفاداری صرف ملک کے ساتھ ہونی چاہئے۔