آئی ٹی میں سرمایہ کاری کریں: وزیراعظم کی غیرملکی کمپنیوں کو دعوت

  ٹیکنالوجی کا بھر پور اور موثر استعمال حکومت کی ترجیح ہے، 2 دہائیوں  کی نسبت آج کی ڈیجیٹل  دنیا یکسر تبدیل ہوچکی ہے
   امید ہے  حکومتی اقدامات سے ملک ٹیکنالوجی  کے  شعبہ  میں مزید آگے بڑھے  گا: ڈیجیٹل ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )  وزیراعظم شہباز شریف نے  کہا ہے   ٹیکنالوجی کا بھر پور اور موثر استعمال حکومت کی ترجیح ہے، 2 دہائیوں  کی نسبت آج کی ڈیجیٹل  دنیا یکسر تبدیل ہوچکی ہے ،دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت  ہے کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ڈیجیٹل ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں  کیا ۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ 11 ممالک سے آنے والے آئی ٹی کے وزرا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی بدولت آج کی دنیا میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے اور اب وہ اس سے بہت مختلف ہے جیسی دو دہائیاں قبل تھی۔  انہوں نے کہا کہ دوسرے شعبوں کی طرح پاکستان کے نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی بہت آگے ہیں اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی اہم اقدامات کیے ہیں اور طلبہ و طالبات میں بڑے پیمانے پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔15 سے 30 سال تک عمر کے افراد بہت انرجیٹک ہیں اور حکومت ان کو مزید مواقع فراہم کر رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے وفاق کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں میں کیا گیا ہے۔انہوں نے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ملک کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ مارچ کے دوران ان کی جانب سے چار اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی ترسیلات زر ملک میں بھجوائی گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔وزیراعظم نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ملک ٹیکنالوجی کے  شعبہ میں مزید آگے بڑھے گا