امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں امریکی  حکام سے ملاقاتیں‘ پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر امریکی حکام سے کامیاب مذاکرات پر اظہار اطمینان
واشنگٹن(آئی این پی )وفاقی   وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکا سے کامیاب ٹیرف مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لئے  وزیر خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلی حکام سے ملاقات ہوئیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر امریکی حکام سے بات کی، پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات ہوئے جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اعلامیے کے مطابق امریکی حکام سے تجارتی معاہدہ پاکستان کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جب کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری و نجی سطح پر تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خزانہ سے  یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنمائوں اور ارکان نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے  کیلئے پرعزم ہے