چین میں بیٹی کی پسند کی شادی سے ناراض باپ آخرکار اپنی محبت کے آگے ہار گیا اور اچانک شادی کی تقریب میں پہنچ کر ایسا جذباتی منظر بنا دیا کہ وہاں موجود افراد بھی آبدیدہ ہوگئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ناراض باپ شادی کی تقریب میں دیر سے پہنچتا ہے اور سیدھا اسٹیج کی جانب جاتا ہے۔ وہاں وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ تھام کر اسے داماد کے ہاتھ میں دے دیتا ہے۔والد کو اچانک اپنے سامنے دیکھ کر دلہن جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ باپ نے بھی بیٹی کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب والد واپس جانے کے لیے مڑتا ہے تو بیٹی جھک کر اس کا شکریہ ادا کرتی ہے اور پھر والد کو گلے لگا لیتی ہے۔شادی کی تقریب میں موجود کسی شخص نے اس جذباتی لمحے کو کیمرے میں محفوظ کرلیا، جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔صارفین نے باپ اور بیٹی کے درمیان محبت کے اس جذباتی منظر کو سراہتے ہوئے مختلف تبصرے کیے اور ویڈیو کو خوب شیئر کیا۔