ہالی ووڈ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس کے باعث مداحوں میں تشویش پھیل گئی۔
سوشل میڈیا پر جیکی چن کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر گردش کر رہی ہے، جس پر ان کے نام کے ساتھ ’1954ء-2026ء‘ درج ہے۔ جعلی تصویر کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ 72 سالہ اداکار انتقال کرچکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق جعلی خبر کے ساتھ شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ کو صرف 5 گھنٹوں کے دوران 38 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ افواہ کتنی تیزی سے پھیلی۔جیکی چن کی موت سے متعلق جعلی خبر پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئی۔ 2011ء میں بھی اداکار کے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کی افواہ سوشل میڈیا پر گردش کر چکی ہے، جس کے بعد ان کی ٹیم نے سرکاری فیس بک پیج کے ذریعے ان کے زندہ اور خیریت سے ہونے کی تصدیق کی تھی۔
2022ء میں بھی جیکی چن کے انتقال کی ایک اور افواہ سامنے آئی، تاہم فیکٹ چیکرز کو اس دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی معتبر ثبوت نہیں ملا تھا۔جیکی چن اب بھی شوبز سے وابستہ ہیں اور حالیہ مہینوں میں مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کرتے رہے ہیں۔ رواں سال انہوں نے کانز فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے بارے میں گفتگو کی اور سنیما میں اپنی خدمات پر حاضرین کی جانب سے خراجِ تحسین بھی وصول کیا۔چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی کیریئر میں جیکی چن ’رش آور‘، ’پولیس اسٹوری‘ اور ’ڈرنکن ماسٹر‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔