بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح ردعمل دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران گووندا سے ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ یہ تمام افواہیں جھوٹی ہیں۔ گووندا کا کہنا تھا:"مجھے جو کچھ ملا ہے، میں اس کے قابل بھی نہیں تھا۔ میری بیوی میرے گھر کی دیوی ہے اور میری کامیابی، شہرت اور خوش بختی سب کچھ اسی کی بدولت ہے۔"اداکار نے مزید کہا کہ مرد چاہے کتنا ہی پیسہ یا شہرت کیوں نہ کما لے، اس کی اصل قسمت کا تعین اس کے گھر کی عورت، خصوصاً اس کی بیوی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی کسی عورت کی بےعزتی یا مخالفت نہیں کرتے اور ہمیشہ اپنی شریکِ حیات کی عزت کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
تقریب میں موجود سنیتا آہوجا نے بھی گووندا کے ساتھ کھڑے ہو کر محبت بھرے انداز میں کہا:"میرا شوہر صرف میرا ہے۔"واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور وہ جلد طلاق لے سکتے ہیں۔ تاہم، اداکار اور ان کی اہلیہ کی مشترکہ وضاحت کے بعد یہ تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔