خواتین، بچوں پر تشدد زیادتی، 7ملزم گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) کینٹ ڈویڑن پولیس نے خواتین اور بچوں پر تشدد و زیادتی میں ملوث 7 ملزمان کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق غازی آباد پولیس نے راہ چلتی خواتین کو فحش جملے کسنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے مصطفیٰ اور فیضان کو گرفتار کیا۔ باغبانپورہ پولیس نے بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر شہباز کو حراست میں لے لیا۔ باٹا پور پولیس نے 10 سالہ بچے اور 17 سالہ لڑکے کے ساتھ مبینہ زبردستی بدفعلی کی کوشش کرنے والے ارسلان اور شیراز بٹ کو گرفتار کیا، جبکہ ڈیفنس سی پولیس نے 13 سالہ بچے کے ساتھ مبینہ زبردستی بدفعلی کرنے والے عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا۔ شمالی چھاؤنی پولیس نے ہمسایوں کے گھر داخل ہو کر ماں بیٹی پر تشدد اور نازیبا زبان استعمال کرنے والے علی زین کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔