اے این ایف کی کارروائیوں میںگرفتار ملزمان کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف 8 کارروائیوں میں 7 ملزمان کوگرفتار کرکے1 کروڑ سے زائد مالیت کی 65.928 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں بس سٹاپ کے قریب ملزم سے 1.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد میں بحریہ ٹاؤن کے قریب دو ملزمان سے 30 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 112 گرام آئس برآمد کی گئی ۔اسلام آباد میں F/17 سوسائٹی کے قریب 3.6 کلو افیون اور 48 کلو چرس برآمد کی گئی۔ بلوچستان کے علاقے گوادر میں ملزم سے 6 کلو آئس برآمد کی گئی۔ ایم ٹو اسلام آباد پر گاڑی میں چھپائی گئی 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا گیا۔اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹرسائیکل میں چھپائی گئی 1.8 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا گیا۔بلیلی کوئٹہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو آئس برآمد، دوران کارروائی افغان باشندے کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔