لاہور(کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب کے ویڑن کے مطابق عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس افسران و جوانوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس افسران و اہلکاروں کو عوام سے بہتر رویے، کمیونٹی پولیسنگ اور پبلک سروس ڈلیوری سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید، ڈویڑنل ایس پیز، ایس پی ڈولفن اور ایس پی اینٹی رائٹ فورس نے افسران و جوانوں کو بہتر رویے، سٹریس مینجمنٹ، عوام سے خوش اخلاقی، کرپشن و بدعنوانی کے خاتمے، اختیارات سے تجاوز کی روک تھام اور تھانہ کلچر میں تبدیلی کے حوالے سے لیکچرز دیے۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید کا کہنا تھا کہ معاشرتی ذمہ داری کو پروان چڑھانے کے لیے بہتر رویہ کلیدی کردار کا حامل ہے، پولیس افسران عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ افسران اپنے ماتحت پولیس نفری کے عوام سے بہتر رویے اور کمیونٹی پولیسنگ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور ماتحت نفری کے ساتھ بہتر رویے کے فروغ اور کمیونٹی پولیسنگ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے