روزانہ 20 سے زائد روڈ سیفٹی آگاہی لیکچرز کا انعقاد

لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر روڈ سیفٹی ایجوکیشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، شہر کے مختلف سکولوں، کالجز، بس اسٹینڈز اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں روزانہ 20 سے زائد آگاہی لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی کے حوالے سے 200 سے زائد لیکچرز اور سیمینارز منعقد کیے جا چکے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹریفک سسٹم کا انحصار روڈ ایجوکیشن، انفورسمنٹ اور روڈ انجینئرنگ پر ہے، مہذب معاشروں کا اندازہ شہریوں میں موجود ٹریفک شعور سے لگایا جا سکتا ہے۔ ٹریفک نظام میں بہتری صرف چالان کرنے سے نہیں بلکہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے سے ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آگاہی لیکچرز اور روڈ سیفٹی سیمینارز کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہے۔ بچوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے اور قوانین سے آگاہی کے لیے ٹریفک قوانین کو نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ عوام میں ٹریفک شعور اجاگر کیے بغیر ٹریفک نظام میں پائیدار بہتری ممکن نہیں۔