پولیس لائنز : بلڈ ڈونیشن کیمپ، جوانوں کے خون کے عطیات

درجنوں پولیس افسران و جوانوں نے رضاکارانہ طور پر عطیات دے کر مثال قائم کی
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس افسران و جوانوں میں جذبہ انسانیت اجاگر کرنے اور خون کے عطیات جمع کرنے کے لیے پولیس لائنز میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید کی زیرنگرانی لگایا گیا، جس میں اے ڈبلیو ٹی اور انفینیٹی لیب کے ڈاکٹرز و طبی عملے نے خدمات انجام دیں۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز اور میڈیکل ٹیم نے پولیس افسران و جوانوں کے مختلف بلڈ ٹیسٹ اور جسمانی فٹنس کا طبی معائنہ کیا، جس کے بعد اہلکاروں سے خون کے عطیات حاصل کیے گئے۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ درجنوں پولیس افسران و جوانوں نے رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیے۔ پولیس افسران و جوانوں کا یہ اقدام انسانیت کی خدمت اور دکھی انسانیت کی مدد کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک قیمتی انسانی خدمت ہے اور پولیس افسران و جوانوں نے اس نیک مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر قابلِ تحسین مثال قائم کی ہے۔