میڈیکل رپورٹ میں غیر ملکی لڑکی سے زیادتی ثابت،2 ملزم گرفتار

20 سالہ متاثرہ لڑکی (ڈ)کا میڈیکل کروا لیا :پولیس حکام، عدالت بیان بھی قلمبند
 پراسیکیوٹر جنرل نے کیس ہائی پروفائل قرار دیدیا ، تفتیشی ریکارڈ سمیت کل طلب 
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے آذربائیجان کی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے 2 ملزم گرفتار کر لئے ہیں جبکہ میڈیکل رپورٹ میں لڑکی سے زیادتی ثابت ہو گئی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق باکو آذربائیجان کی رہائشی 20 سالہ متاثرہ لڑکی (ڈ)کا میڈیکل کروا لیا ، جس میں زیادتی ثابت ہو گئی ، ایک ملزم محسن کو گرفتار کر لیا ہے،بعدازاں پولیس نے ایک اور ملزم علی عزیل کو بہاولپور سے گرفتار کرلیا، تیسرے ملزم احمد تنویرکی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکی کے کندھے پر دباؤ اور گھٹنے پر زخم کے بھی نشانات ہیں، دوسری طرف جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو متاثرہ لڑکی کا دفعہ 164 کے تحت 1 گھنٹے سے زائد وقت تک بیان ریکارڈ کیا گیا۔ادھر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کو ہائی پروفائل کیس قرار دے دیا ، انہوں نے تھانہ ڈیفنس سی کے تفتیشی افسرکو اصل ریکارڈ سمیت کل 30 ستمبر کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ غیر ملکی لڑکی کی جوہر ٹاؤن سمیت مختلف کیفوں میں موجودگی کی تصاویر سامنے آئی ہیں،متاثرہ لڑکی دیگر لڑکیوں کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہے جبکہ شاہدرہ پولیس نے مزید 6 سہولت کاروں کو حراست میں لے کر ڈیفنس سی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔