پکڑے جانیوالے سہولت کار، مرکزی ملزمان کی محسن ،عمر ، تنویرکے نام سے شناخت
متاثرہ خاتون(ڈ)کا میڈیکل معائنہ مکمل،ہوش پر تفصیلی بیان قلمبند کیا جائیگا :ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیفنس سی میں آذربائیجان کی رہائشی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت،پولیس نے 3مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی سفید رنگ کی گاڑی مرکزی ملزم کے رشتہ دار کے گھر سے برآمد کر لی ۔پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد ملزمان کے رشتہ دار اور سہولت کار بتائے جا رہے ہیں ۔متاثرہ غیر ملکی خاتون(ڈ)کا میڈیکل معائنہ کروا لیا گیا ، طبیعت بہتر ہونے اور ہوش میں آنے پراس کا تفصیلی بیان قلمبند کیا جائے گا۔علاوہ ازیں پولیس نے مبینہ زیادتی میں ملوث ملزمان کی محسن ،عمر اور تنویرکے نام سے شناخت کر لی اور ان کے نام سٹاپ لسٹ میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق اب تک تین افراد کو ڈیفنس اور ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے حراست میں لیا جا چکا ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو ٹریپ کرکے لے جانے کیلئے سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی جو مبینہ ملزم تنویر کی ملکیت بتائی جا رہی ہے، مرکزی ملزم کا رشتہ دار بھی فرار ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا، تحقیقات میں متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری بھی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق وہ رواں سال مارچ اور مئی میں دو مرتبہ پاکستان آچکی تھی جبکہ تقریباً پندرہ روز قبل تیسری مرتبہ لاہور پہنچی تھی۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ غیر ملکی خاتون جوہر ٹائون اور ڈیفنس کے مختلف کیفے میں جاتی رہی جبکہ اس کی پنجاب اسمبلی میں موجودگی کی تصاویر اور ٹک ٹاک اکائونٹ سے متعلق مواد کو بھی پولیس تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔