ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 151 افراد گرفتار

 رواں سال 1233 منچلے گرفتار، 1147 مقدمات درج کئے گئے 
 لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رواں ماہ 151 ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ون ویلنگ میں ملوث 1233 افراد گرفتار جبکہ 1147 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ون ویلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی آلٹریشن کی روک تھام یقینی بنائی جائے اور موٹر سائیکل ریسنگ و خطرناک اسٹنٹس کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے ون ویلنگ کے تدارک کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں اور دیگر ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے جبکہ سوشل میڈیا پر خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس اور ریسنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی 15 پر دیں۔