گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 46 پکڑے گئے

 48 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں سے گداگر اور سہولت کار گرفتار ہوئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے احکامات پر کینٹ پولیس نے عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کی ہدایات پر گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران گداگروں اور سہولت کاروں سمیت 46 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق فیکٹری ایریا، جنوبی چھاؤنی، مصطفی آباد اور باغبانپورہ سمیت مختلف علاقوں سے 22، ہربنس پورہ، مناواں، باٹا پور اور ڈیفنس اے سے 12، جبکہ ڈیفنس بی، غازی آباد، ڈیفنس سی، برکی اور ہئیر سے مزید 12 گداگر گرفتار کیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی کینٹ نے کہا کہ گداگری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور بھیک منگوانے والے منظم گروہوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہری اپنے اردگرد موجود گداگروں اور سہولت کاروں کی اطلاع پولیس ایمرجنسی 15 پر دیں۔