رواں سال 1823 بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں، 506 مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف جاری کریک ڈا ئون مزید تیز کر دیا۔ رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 1823 گداگروں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق عادی گداگروں اور جعلی معذوری کا بہانہ بنا کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف 506 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 755 خواتین، 592 مرد، 155 بچوں اور 300 سے زائد خواجہ سرا ئوں کو مختلف ٹریفک سگنلز اور شاہراہوں سے ہٹایا گیا۔ٹریفک پولیس نے 1713 بھکاریوں کو ایدھی ہومز جبکہ 22 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام ڈویڑنل اور سرکل افسران کو ذاتی نگرانی میں کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں کو گداگروں سے پاک کیا جا رہا ہے کیونکہ ان کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ‘‘ آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کے لیے نہیں’’ جبکہ عادی گداگر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گداگری جیسی لعنت کے خاتمے سے معاشرتی بہتری اور ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔