سگیاں کا رہائشی غلام مصطفیٰ موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا ،اسلام پورہ میں گلے پر ڈور پھر گئی
پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن، دو پتنگ باز چاند اور عثمان گرفتار، ممنوعہ ڈور برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) اسلام پورہ کے علاقے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے سگیاں کا رہائشی 35 سالہ غلام مصطفیٰ زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق غلام مصطفیٰ موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر اسلام پورہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 کے ذریعے زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے فوری بعد اسلام پورہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران پتنگ بازی کرتے ہوئے دو ملزمان چاند اور عثمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ممنوعہ کیمیکل ڈور اور پتنگیں برآمد کرلیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق اسلام پورہ پولیس نے زخمی شہری کے بھائی کی مدعیت میں اقدام قتل اور کائیٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکومت کے واضح احکامات کے باوجود پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ پتنگ بازی اور پتنگوں کی فروخت کے حوالے سے کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔