لٹکتی پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری لہولہان

لاہور (کرائم رپورٹر) فیکٹری ایریا کے علاقے میں لٹکتی ہوئی پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا واقعہ تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پیش آیا جہاں والٹن کا رہائشی 25 سالہ عدنان موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ اچانک گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیاواقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ زخمی شہری کو فوری طور پر قریبی جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے جائزے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی مدد سے لٹکتی ڈور اور بجلی کی تاروں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے بسنت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوففیصل کامران کے مطابق رواں ماہ 40 ہزار سے زائد پتنگیں، ڈوریں اور چرخیاں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ 300 سے زائد مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں، بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو سیفٹی وائر کے استعمال کی ہدایت بھی کی۔