لاہور کے علاقے ساندہ میں 18 سالہ لڑکی ماہم مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی، پولیس نے مقتولہ کے والد، دو بھائیوں اور بہن سمیت تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق 26 ستمبر کو تشدد زدہ ماہم کو مردہ حالت میں گنگا رام ہسپتال لایا گیا، جہاں ملزمان مبینہ طور پر لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے اپنی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کو پائپ، لوہے کی سلاخوں اور دیگر اشیا سے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مقتولہ کے والد محمد انور، بھائی حماد، حمزہ اور بہن حنا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں والد، بہن اور دونوں بھائیوں کے مبینہ طور پر تشدد میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کے تمام مرکزی ملزمان گرفتار ہیں جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے۔