کاہنہ کے علاقے میں نوجوان لڑکی مہروش بی بی کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتولہ کا شوہر ہی اس قتل میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو مبینہ طور پر منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم نے لاش کو موٹرسائیکل پر منتقل کر کے روہی نالے میں پھینک دیا اور بعد میں خود ہی اغواء کا ڈرامہ رچاتے ہوئے تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا۔حکام کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔