لاہور کے علاقے ساندہ میں بیوہ خاتون کے گھر ہونے والی چوری کا معمہ پولیس نے حل کرلیا۔
واردات میں 30 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کی گئی تھی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ سمیت تین خواتین کو پاکپتن سے گرفتار کیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ساندہ حسن زاہد نے ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی۔ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کے مطابق مرکزی ملزمہ چوری شدہ گھر کی مالکن کے نجی ٹیوشن سینٹر میں بطور ٹیچر کام کرتی تھی۔ اسی دوران اس نے موقع پا کر گھر کی چابی چرا لی اور اس کی نقلی چابی بنوالی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین ملزمان گھر والوں کی عدم موجودگی میں ڈپلیکیٹ چابی سے گھر میں داخل ہوئیں اور 10 تولہ سونا و نقد رقم لے کر فرار ہو گئیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ مضبوط شواہد کی بنیاد پر مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ ملزموں کو سزا مل سکے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔