لاہور کے علاقے ساندہ میں افسوسناک واقعے کے دوران 19 سالہ نوجوان چھری کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی ہے، جسے زخمی حالت میں گنگا رام ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق نعیم کا اپنے ساتھ کام کرنے والے ایک ورکر سے کسی بات پر جھگڑا ہوا، جو بعد ازاں شدت اختیار کر گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر چھری کے وار کر کے نعیم کو زخمی کیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتول فاسٹ فوڈ کی ایک دکان پر ملازمت کرتا تھا۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزم کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔