خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنۃ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔