خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں مجموعی طور پر 18 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی سے قبل دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کی گئی، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاپشت اور کلی گشتری کے علاقوں میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔