راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیوں میں کالعدم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 جون کو خاران اور مستونگ میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں ممکنہ خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے۔بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور زیر استعمال موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔