خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزمِ استحکام وژن اور آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کی گئی مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقے گورندر، ماشکیل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے ماشکیل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔