سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید، لیفٹیننٹ حسان بھی شامل

سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید، لیفٹیننٹ حسان بھی شامل

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں ان کے سرغنے فارمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف توری، سعید عرف لیاقت اور بلال شامل تھے۔پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گرد کئی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

ایک اور کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کا شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔اس دوران لیفٹیننٹ محمد حسان ارشف سمیت تین جوانوں نے شہادت پائی۔ لیفٹیننٹ حسان کا تعلق لاہور سے تھا اور ان کی عمر 21 سال تھی۔ ان کی بہادری کے باعث مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی قربانی قابلِ ستائش ہے۔