ہمایوں سعید نے شوبز میں نئے چہروں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کر دیا

ہمایوں سعید نے شوبز میں نئے چہروں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے  اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے شوبز انڈسٹری میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے لیے ایک وسیع ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تخلیقی میدان میں شمولیت کا موقع دینا ہے، چاہے وہ اسکرین پر اداکاری کرنا چاہتے ہوں یا پسِ پردہ مختلف شعبوں میں کام کرنا چاہتے ہوں۔انسٹاگرام پر جاری پیغام میں ہمایوں سعید نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اس پروگرام میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں پرفارمرز، سنگرز، اسسٹنٹ پروڈیوسرز، پروڈکشن ڈیزائنرز، رائٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، لائن پروڈیوسرز، آرٹ ڈائریکٹرز، میوزیک آرٹسٹ، گرافک ڈیزائنرز، ایڈیٹرز اور وی ایف ایکس آرٹسٹس شامل ہو سکتے ہیں۔منتخب امیدواروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی فیلڈ میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔ اس پروگرام میں کسی تعلیمی ڈگری یا فنون لطیفہ میں تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی، تاہم جذبہ اور کمٹمنٹ کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ ہمایوں سعید نے خاص طور پر نئے گریجویٹ طلبہ کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی شوبز انڈسٹری نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ پاکستان آئیڈل تقریباً ایک دہائی بعد دوبارہ شروع ہو رہا ہے جس میں راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زب بنگش ججز کے طور پر شامل ہوں گے۔ ساتھ ہی پاکستانی ناظرین کو عالمی معیار کے شو "گاؤٹ ٹیلنٹ" کا مقامی ورژن بھی دیکھنے کو ملے گا۔شوبز ماہرین کے مطابق ہمایوں سعید کا یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے شوبز انڈسٹری میں ٹیلنٹ کے دروازے کھولنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ثابت ہوگا۔