پاکستانی فلم انڈسٹری کے دو سپر اسٹارز ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ایک بار پھر بڑی اسکرین پر ساتھ نظر آئیں گے، اور اس بار وہ فلم "لو گرو" میں رومانوی مناظر سے مداحوں کا دل جیتنے آ رہے ہیں۔
فلم کا آفیشل ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے جسے شائقین نے بھرپور پذیرائی دی ہے۔یہ فلم عید الاضحیٰ 2025 پر پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے پروڈیوسرز میں ہمایوں سعید، شہزاد نصیب اور جرجیس سیجا شامل ہیں، جبکہ ہدایت کاری کی باگ ڈور بھی ایک تجربہ کار ٹیم کے ہاتھ میں ہے۔ فلم کے زیادہ تر مناظر لندن میں عکس بند کیے گئے ہیں، جو فلم کو ایک بین الاقوامی رنگ دیتے ہیں۔واسع چوہدری نے فلم کی کہانی تحریر کی ہے، جو "جوانی پھر نہیں آنی" جیسے کامیاب فلمی اسکرپٹس کے خالق بھی ہیں۔ "لو گرو" ایک رومانٹک کامیڈی فلم ہے جس میں ہنسی، محبت اور جذبات کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔
فلم کی اسٹار کاسٹ میں ماہرہ اور ہمایوں کے ساتھ مومنہ اقبال، میرا سیٹھی، سہائے علی ابرو، عمّارہ ملک، عدنان شاہ ٹیپو، مرینہ خان، انی زیدی، عثمان پیرزادہ اور جاوید شیخ شامل ہیں۔فلم کے ٹریلر میں دکھائے گئے مناظر، مکالمے اور جاندار اداکاری نے فلمی شائقین کو بے حد متاثر کیا ہے، اور اب وہ بےصبری سے 6 جون 2025 کا انتظار کر رہے ہیں، جب "لو گرو" بڑے پردے کی زینت بنے گی۔