دبئی: پاکستان کے معروف فلمی اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو پاکستانی فلم انڈسٹری میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
یہ اعزاز پاکستان کے سفیر برائے یو اے ای، فیصل نیاز ترمذی نے ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا۔یہ تقریب فلم لو گرو کی تشہیری مہم کے تحت منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفارتی مشن کے ارکان، مداحوں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ سفیر فیصل ترمذی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ پاکستان کی سافٹ پاور کا اہم جزو ہیں اور ایسے فنکار پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لاتے ہیں، جو ہماری کہانی کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم لو گرو جیسے پروجیکٹس پاکستان کے بدلتے ہوئے ثقافتی منظرنامے کی نمائندگی کرتے ہیں اور عالمی ناظرین کے دلوں کو جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ بنتے ہیں۔ماہرہ خان اور ہمایوں سعید تقریباً 10 سال بعد پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ ان کی آخری مشترکہ فلم "بن روئے" 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔