ہمایوں سعید کا ہیرو کے کردار پر ٹرولنگ کا جواب: "سالوں سے ہیرو آرہا ہوں، آیا ہی چلا جا رہا ہوں"

ہمایوں سعید کا ہیرو کے کردار پر ٹرولنگ کا جواب:

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور فلمساز ہمایوں سعید نے حالیہ انٹرویو میں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ کا کھل کر جواب دیا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ وہ برسوں سے فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس پر ہونے والی تنقید سے وہ متاثر نہیں ہوتے۔انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ انہیں ہمیشہ سوشل میڈیا پر ٹارگٹ کیوں کیا جاتا ہے؟ جس پر ہمایوں سعید نے مسکراتے ہوئے کہا:"سالوں سے ہیرو آرہا ہوں اور آیا ہی چلا جارہا ہوں، مگر مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔"اداکار نے کہا کہ وہ اپنے ہر پروجیکٹ میں کرداروں کا انتخاب صلاحیت اور کہانی کی ضرورت کے مطابق کرتے ہیں، اور ان کی فلموں میں صرف وہ خود ہی نہیں بلکہ دیگر اداکار بھی مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، جیسا کہ فہد مصطفیٰ اور حمزہ علی عباسی۔

ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ وہ منفی تبصروں اور تنقید کو دل پر نہیں لیتے بلکہ اپنی توجہ صرف اپنے کام پر مرکوز رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، "لوگ کچھ نہ کچھ کہتے ہی رہتے ہیں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ آپ کا کام کیا کہہ رہا ہے۔"یاد رہے کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم "لو گرو" عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہے، جسے فلم بینوں کی جانب سے مثبت پذیرائی مل رہی ہے اور باکس آفس پر بھی یہ فلم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔