غزہ پر اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے النصیرات میں اسرائیلی افواج نے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور کم از کم 9 زخمی ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق پچھلے ایک دن میں ہونے والے 140 اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر درجنوں اموات ہوچکی ہیں۔ ادھر اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ سٹی میں انفرااسٹرکچر، رہائشی عمارتوں اور گھروں کو تباہ کرنا شروع کردیا ہے۔
انسانی بحران بھی شدت اختیار کر رہا ہے۔ غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس کے ایک قصبے میں جبری غذائی قلت کے باعث ڈھائی ماہ کے بچے سمیت دو بچے دم توڑ گئے۔بین الاقوامی سطح پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ امریکی ڈیموکریٹ رکن کانگریس آر او کھننہ نے ٹرمپ انتظامیہ سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے لیے پٹیشن دائر کردی ہے جسے اب تک 47 ڈیموکریٹس ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔