غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 فلسطینی شہید، 7 زخمی

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 فلسطینی شہید، 7 زخمی

غزہ: غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 4 فلسطینی شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

 مسلسل حملوں کے باعث غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اپنے تازہ بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار 679 فلسطینی شہید جبکہ 6 ہزار 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 74 ہزار 746 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک لاکھ 76 ہزار 234 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امدادی ٹیموں نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں سے مزید 851 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ تباہ شدہ عمارتوں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے دوران لاشوں کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔دوسری جانب غزہ میں اسپتالوں اور طبی مراکز کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں بڑی تعداد میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے وسائل اور سہولیات کی ضرورت ہے۔ مسلسل حملوں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے امدادی سرگرمیوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔