غزہ: جنوبی غزہ میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے طبی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 فلسطینی شہید اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔
طبی حکام کے مطابق خان یونس کے مغرب میں واقع المواسی، مشرقی دیر البلاح اور دیگر مقامات پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔کمپلیکس کے ایک طبی ذریعے نے بتایا کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید جبکہ ایک خاتون اور دو لڑکیوں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔ یہ علاقہ حالیہ دنوں میں بارہا حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے اسی علاقے میں ایک فلسطینی کی جانب کم از کم ایک میزائل فائر کیا، جبکہ اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے خان یونس کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں شدید فائرنگ کی۔
ایک اور حملے میں ایک فلسطینی شہید اور 4 دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ادھر وسطی غزہ میں دیر البلاح کے مشرقی علاقے پر اسرائیلی حملے میں 40 سالہ فلسطینی بھی شہید جبکہ ایک اور شخص معمولی زخمی ہوا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسی علاقے میں المصدر گاؤں کے مشرق میں ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے فلسطینیوں کے ایک اجتماع پر بم گرایا۔