500 سے زائدسمارٹ کیمروں سے بارڈر پوائنٹس اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی ،16 ہزار سے زائد الرٹس جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سیف سٹی اتھارٹی نے بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسپیشل سیکرٹری برائے امن و امان وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سیف انور جپہ اور ایڈیشنل سیکرٹری کماڈیٹیز خالد بشیر بھی موجود تھے سیف سٹی حکام نے معزز مہمانوں کو گندم اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز اور سی اے او عمارہ اطہر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اسمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔مستنصر فیروز کے مطابق اب تک کیمروں کے ذریعے 16 ہزار سے زائد الرٹس جاری کیے گئے جبکہ 45 مشتبہ گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 500 سے زائد اسمارٹ کیمروں کے ذریعے صوبے کے بارڈر پوائنٹس اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے س موقع پر سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام میں نہایت مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ سیف سٹی، پولیس، فوڈ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں تاکہ گندم اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔