گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں: بلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے رمضان المبارک کے دوران گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 49 ملزمان کو گرفتار کرکے شہر کے مختلف تھانوں میں 26 مقدمات درج کیے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائیوں کے نتیجے میں کینٹ ڈویڑن سے 13، سول لائنز سے 11، اقبال ٹاؤن سے 11، ماڈل ٹاؤن سے 7، سٹی ڈویڑن سے 5 اور صدر ڈویڑن سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماہِ مقدس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ سی سی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔