کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
مقتول کی شناخت سجاد شوکت کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول اپنے بچوں کے ساتھ گھر کے دروازے پر کھڑا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار دو ملزمان وہاں پہنچے۔ شہری نے ملزمان کو دیکھ کر معمولی مزاحمت کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ گولی لگنے سے سجاد شوکت موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
فوٹیج میں یہ بھی واضح ہے کہ فائرنگ کے وقت مقتول کی گود میں ایک بچہ تھا جبکہ دوسرا بچہ اس کے برابر کھڑا تھا، جو اس افسوسناک منظر کے براہِ راست گواہ بن گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔